| Qari: |
And the king said, "Bring him to me; I will appoint him exclusively for myself." And when he spoke to him, he said, "Indeed, you are today established [in position] and trusted."
بادشاہ نے حکم دیا کہ اسے میرے پاس لاؤ میں اسے اپنا مصاحب خاص بناؤں گا۔ پھر جب ان سے گفتگو کی تو کہا کہ آج سے تم ہمارے ہاں صاحب منزلت اور صاحبِ اعتبار ہو
[وَقَالَ: اور کہا] [الْمَلِكُ: بادشاہ] [ائْتُوْنِيْ: لے آؤ میرے پاس] [بِهٖٓ: اس کو] [اَسْتَخْلِصْهُ: اس کو خاص کروں] [لِنَفْسِيْ: اپنی ذات کے لیے] [فَلَمَّا: پھر جب] [كَلَّمَهٗ: اس سے بات کی] [قَالَ: اس نے کہا] [اِنَّكَ: بیشک تم] [الْيَوْمَ: آج] [لَدَيْنَا: ہمارے پاس] [مَكِيْنٌ: باوقار] [اَمِيْنٌ: امین]
جب بادشاہ کے سامنے حضرت یوسف علیہ السلام کی بےگناہی کھل گئی تو خوش ہو کر کہا کہ انہیں میرے پاس بلا لاؤ کہ میں انہیں اپنے خاص مشیروں میں کر لوں ۔ چانچہ آپ تشریف لائے ۔ جب وہ آپ سے ملا ، آپ کی صورت دیکھی ۔ آپ کی باتیں سنیں ، آپ کے اخلاق دیکھے تو دل سے گرویدہ ہو گیا اور بےساختہ اس کی زبان سے نکل گیا کہ آج سے آپ ہمارے ہاں معزز اور معتبر ہیں ۔ اس وقت آپ نے ایک خدمت اپنے لئے پسند فرمائی اور اس کی اہلیت ظاہر کی۔ انسان کو یہ جائز بھی ہے کہ جب وہ انجان لوگوں میں ہو تو اپنی قابلیت بوقت ضرورت بیان کر دے ۔ اس خواب کی بنا پر جس کی تعبیر آپ نے دی تھی ۔ آپ نے یہی آرزو کی کہ زمین کی پیداوار غلہ وغیرہ جو جمع کیا جاتا ہے اس پر مجھے مقرر کیا جائے تاکہ میں محافظت کروں نیز اپنے علم کے مطابق عمل کر سکوں تاکہ رعایا کو قحط سالی کی مصیبت کے وقت قدرے عافیت مل سکے ۔ بادشاہ کے دل پر تو آپ کی امانت داری، سچائی ، سلیقہ مندی اور کامل علم کا سکہ بیٹھ چکا تھا اسی وقت اس نے اس درخواست کو منظور کر لیا۔